عورتوں کی ذمہ داریاں رسول اسلام کی نگاہ میں

عورتوں کی ذمہ داریاں رسول اسلام کی نگاہ میں

عورتوں کی ذمہ داریاں رسول اسلام کی نگاہ میں

  • مضامین

بسم اللہ الرحمن الرحیم

1.     شوہر کے لیے زینت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا:

عورت پر ضروری ہے کہ بہترین خوشبو استعمال کرے خوبصورت کپڑے پہنے اور اپنے شوہر کے لیے سب سے اچھی زینت اور آرایش کرے۔[1]

2.     نابینا شوہر کے لیے زینت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ سے سوال ہوا: نابینا  شوہر کے لیے عورت کیسے زینت کرے؟

فرمایا: عطراور مہندی لگائے تاکہ اس کی خوشبو سے اس کا شوہر لذت اٹھائے۔[2]

3.     شوہر کے اختیار میں

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ نے فرمایا:

عورت کو اپنا شوہر اپنے سے دور نہیں کرنا چاہیے۔ بلکہ اپنے آپ کو اس کے اختیار میں دینا چاہیے۔[3]

4.     شوہر کے حقوق

ایک عورت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ کی خدمت میں آئی اور کہا: شوہر کا بیوی پر کیا حق ہے؟  فرمایا: ایک یہ کہ بغیر شوہر کی اجازت کے مستحبی روزہ نہ رکھے دوسرے یہ کہ اس کی اجازت کے بغیر گھر سے باہر قدم نہ رکھے، تیسرے اس پر واجب ہے کہ شوہر کے لیے  بہترین عطر اور خوشبو لگائے، خوبصورت لباس  پہنے اور بہترین زینت کرے اور صبح و شام اپنے آپ کو شوہر کے لیے پیش کرے۔[4]

5.     شوہر کی ڈانٹ کو برداشت کرنا

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت اپنے شوہر کی ایک کڑوی بات کو سن کر تحمل کرے خداوند اس کے ایک کلمہ کے برداشت کرنے پر اسے روزہ دار اور راہ خدا میں مجاہد کا اجر و ثواب دے گا۔

6.     شوہر کے مال کی حفاظت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ فرماتے ہیں:

عورت اپنے شوہر کے مال کی محافظ ہے اور اس کی نسبت اس سے سوال اور پوچھ تاچھ کی جائے گی۔

7.     جہنم کا ایک منظر

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم شب معراج میں جہنمیوں کے عذاب کو مشاہدہ کرنے کے بعد حضرت زہرا سلام اللہ علیہا سے فرماتے ہیں:

اے بیٹا! ایک عورت کو بالوں سے لٹکا رکھا تھا یہ وہ عورت تھی جو اپنے بالوں کو دوسرے مردوں سے نہیں چھپاتی تھی اور ایک عورت کو زبان سے ٹانگ رکھا تھا یہ وہ عورت تھی جو زبان سے اپنے شوہر کو اذیت کرتی تھی۔ ایک عورت کا سر سور کی شکل اور بدن گدھے کی شکل کا تھا یہ وہ عورت تھی جو چغلی مارتی اور جھوٹ بولتی تھی۔ ایک عورت کی صورت کتے کے جیسے تھی یہ وہ تھی جو غیروں کے لیے گاتی تھی اور حسد کرتی تھی۔[5]

8.     وائے ہو اس عورت پر۔۔۔

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

وائے ہے اس عورت پر جو اپنے شوہر کو غصہ دلائے اور خوشا بحال ہے وہ عورت جو اپنے شوہر کو خوش رکھے۔[6]

9.     سجدہ

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

اگر میں کسی کو دوسروں کے آگے سجدہ کرنے کا حکم دے دیتا تو میں بیوی کو حکم دیتا کہ وہ اپنے شوہر کے لیے سجدہ کرتی۔[7]

10.                        گھر میں دو ذمہ داریاں

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

زوجہ پر شوہر کا حق یہ ہے کہ وہ گھر کو روشن رکھے اور کھانے پینے کا انتظام کرے۔[8]

11.                        گھر میں کام کا ثواب

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت اپنے شوہر کے گھر ایک چیز کو اٹھا کر دوسری جگہ رکھے ( یعنی چھوٹا سا کام کرے) خدا اس پر نگاہ رحمت کرتا ہے اور جس پر خدا نظر رحمت کر دے وہ اس کے عذاب سے محفوظ ہے۔[9]

12.                        زوجہ کے لیے جائز نہیں ہے۔۔۔

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

زوجہ کے لیے جائز نہیں ہے کہ وہ اس کی توان سے زیادہ بوجھ اس پر ڈالے اور اس کی ادھر ادھر شکایت کرے۔[10]

13.                        زبان سے امان

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت اپنے شوہر کو زبان سے اذیت کرے خدا وند عالم اس کی کسی نیکی اور اچھائی کو قبول نہیں کرتا جب تک کہ اس کو راضی نہ کر لے اگر چہ دنوں میں روزے رکھے اور راتوں میں عبادت کرے ایسی عورت پہلی وہ عورت ہو گی جو جہنم میں داخل ہو گی اور یہی حال ہو گا اس شوہر کا جو اپنی بیوی پر ظلم کرے۔[11]

14.                        کھاو اور پیئو

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت اپنے شوہر کے لیے خوشمزہ اور اچھے کھانے پکائے خداوند عالم قیامت میں اس کے سامنے طرح طرح کھانے پیش کرے گا اور کہے گا: کھاو اور پیئو ، یہ کھانے ان زحمتوں کی جزا ہے جو تم نے اپنے شوہر کے لیے اٹھائیں ہیں۔[12]

15.                        لوگوں کے لیے زینت کرنا

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت اپنے آپ کو بہترین طریقے سے آرائش کرے، اچھے کپڑے پہنے اور گھر سے باہر نکل جائے تاکہ لوگ اسے دیکھیں سات آسمانوں اور زمین کے فرشتے  اس پر لعنت کرتے ہیں اور ہمیشہ خدا کےمورد غضب  قرار پاتی ہے یہاں تک کہ مر جائے اور اس کے بعد اسے جہنم میں ڈال دیا جائے۔[13]

16.                        عورت کی بہترین چیز

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے فرمایا: عورت کے لیے سب سے اچھی چیز کیا ہے؟

عرض کیا:کوئی مرد اسے نہ دیکھے اور نہ وہ کسی مرد کو دیکھے۔[14]

17.                        شوہر کو اذیت کرنے کا نتیجہ

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت اپنے شوہر کو اذیت کرنے اس کی نماز اور کوئی دوسرا نیک عمل قبول نہیں ہوتا اگر چہ دن رات نماز و روزہ میں مشغول رہے غلام آزاد کرے راہ خدا میں انفاق کرے یہاں تک کہ اس کا شوہر اس سے راضی ہو جائے۔[15]

18.                        بہترین خواتین

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

بہترین خواتین وہ ہیں جو بچے پیدا کریں اپنے شوہر، اولاد اور نوکروں کے ساتھ مہربان رہیں پاکدامن ہوں، اپنے خاندان میں باعزت ہوں اور اپنے شوہر کے سامنے ذلت کا مظاہرہ کریں  صرف اس کے لیے زینت اور آرائش کریں اور شوہر کے علاوہ حجاب میں رہیں اپنے شوہر کی بات سنیں اس کی اطاعت کریں اور ان کی بخششیں مرد کی بخشش کی طرح نہ ہو۔

19.                        خدا کی لعنت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت اپنے آپ کو خوشبو لگائے اور گھر سے باہر نکل جائے جب تک واپس گھر آتی خدا کی اس پر لعنت ہوتی رہتی ہے۔[16]

20.                        ایک اہم دستور

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  نے عورتوں سے فرمایا: تم لوگ اپنی نمازوں کو اتنا طولانی نہ کیا کرو کہ تمہارے شوہر تمہارے نزدیک آنے سے منصرف ہو جائیں۔[17]

21.                        شوہر کا مال اور اس کی اجازت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

عورت کو ٍچاہیے کہ شوہر کی اجزت کے بغیر اس کا مال کسی کو مت د ے اگر بغیر اجازت کے دے گی تو اس کا گناہ بیوی کی کرگردن پر ہو گا اور ثواب شوہر کے لیے لکھا جائے گا۔[18]

نیز پیغمبر اکرم  صلی اللہ علیہ و آلہ نے فرمایا:شوہر کے گھر سے اس کی اجازت کے بغیر صدقہ مت دو۔[19]

22.                        حولا نامی خاتون کو نصیحت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ نے حولا نام کی ایک خاتون سے فرمایا:

اپنی زینت کے اپنے شوہر کے علاوہ کسی کے لیے ظاہر نہ کرو تم میں سے جو خدا اور قیامت پر ایمان رکھتی ہے اسے شوہر کے علاوہ کسی کے لیے زینت نہیں کرنا چاہیے اور اپنی روسری اور بازوں کو دوسرے کے لیے آشکار نہیں کرنا چاہیے اگر ایسا کرو گی تمہار ا دین فاسد ہو جائے گا اورخدا کا غضب اس کے شامل حال ہو گا۔[20]

23.                        حضرت ایوب کی بیوی کے ساتھ محشور ہونا

 

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت اپنے شوہر کے ساتھ دکھ سکھ میں صبر کرے اور اس کے حکم کی مطیع رہے خدا وند عالم ایسی عورت کو جناب ایوب کی بیوی کے ساتھ محشور کرے گا۔ [21]

24.                        شوہر کی رضایت اعمال کی قبولیت کا سبب

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

وہ عورت جو اپنے شوہر کو اذیت کرے اس کی نماز اور کوئی نیک عمل قبول نہیں ہو گا یہاں تک کہ شوہر کو راضی کر لے۔[22]

25.                        شوہر کی اطاعت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

اگر شوہر بیوی کو نیک کاموں کا حکم دے اسے اس کی معصیت نہیں کرنا چاہیے اور مخالفت کے ساتھ اس کا جواب نہیں دینا چاہیے۔[23]

26.                        جنتی ہدایا

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت  اپنے شوہر کے لیے لباس تیار کر کے رکھے گی خدا وند عالم قیامت میں اسے جنتی لباس عطا کرے گا کہ جو ریحان اور شقائق کے پھولوں کی طرح رنگیلے اور خوشبودار ہوں گے۔ اور چالیس فرشتوں کو اس کی خدمت کے لیے معین کرے گا۔[24]  

27.                        محبت ایجاد کرنے کا بہترین ذریعہ

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ نے فرمایا:

عورت کی ایک ذمہ داری یہ ہے کہ گھر کا چراغ  جلائے، کھانا تیار کرے جب شوہر گھر میں داخل ہو اس کے استقبال کے لیے دروازہ تک جائے اور اسے خوش آمدید کہے اس کے لیے کوزہ اور تولیہ لائے اس کے ہاتھوں پر پانی ڈالے اور بغیر شرعی عذر کے نزدیکی کرنے سے منع نہ کرے۔[25]

28.                        فرشتوں کی لعنت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

وہ عورت جو اپنے شوہر کے بستر سے دور رات کو صبح کرے فرشتے صبح تک اس کو لعنت کرتے ہیں۔[26]

29.                        تین گناہان کبیرہ

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جب کوئی عورت شوہر کی اجازت کے بغیر مستحبی روزہ رکھے اور مرد کو اس کی ضرورت  ہو اوروہ منع کرے خدا تین گناہان کبیرہ اس کے لیے لکھ دے گا۔[27]

30.                        جنت کے لائق خاتون

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

حاملہ عورتیں،   مائیں اور دودھ پلانے والی  عورتیں جو اپنی اولاد کے ساتھ مہربان ہوتی ہیں اگر اپنے شوہروں کے ساتھ برا برتاو نہ کریں ان میں سے نماز گزار جنت کی مستحق ہیں۔[28]

31.                        شادی کرو طلاق مت لو

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

شادی کرو طلاق مت دو اس لیے کہ خدا وند عالم ان مردوں  اور عورتوں کو دوست نہیں رکھتا جو لگاتار شادیاں  کرتے رہیں۔[29]

32.                        بدترین گھر

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

خدا وند عالم کے نزدیک اس گھر سے بدتر کوئی نہیں ہے  جس میں طلاق کے ذریعے آپس میں جدائی ہو۔ٍا[30]

33.                        آخری زمانہ کی عورتیں

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

آخری زمانہ کہ جو بدترین زمانہ ہے اس میں عورتیں ان اوصاف کی مالک ہوں گی:

پہناوے کے ساتھ برہنہ ہوں گیں،  غیروں کے لیے زینت کرنے والیں، دین سے خارج، فتنوں میں شامل، شہوتوں کی طرف مائل، لذات کی طرف بھاگنے والیں، حرام کو حلال کرنے والیں ہوں گی جو جہنم میں داخل ہوں گیں اور ہمیشہ وہی رہیں گیں۔[31]

34.                        شوہر کےگھر میں کام

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

 اے خواتین  اگراپنے شوہروں کے گھروں میں کام  میں مشغول رہیں  گی تو خدا مجاہدوں کے جہاد کا ثواب تمہیں دے گا۔[32]

35.                        اسلام کے بعد بہترین نعمت

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

اسلام کے بعد کوئی مسلمان اتنا ثواب حاصل نہیں کرتا جتنا وہ خاتون حاصلکرتی ہے جب اس کا شوہر اس کو دیکھتا ہے خوش ہوتی ہے اور اس کی اطاعت کرتی ہےاور شوہر کی عدم موجودگی میں اس کے مال او ر اپنی عفت کی حفاظت کرتی ہے۔[33]

36.                        جنت میں داخلہ

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

ہر وہ عورت جو سات دن تک اپنے شوہر کی خدمت کرے خدا وند عالم جہنم کے سات دروازے اس پر بند کر دیتا ہے اور جنت کے سات دروازے اس پر کھول دیتا ہےتاکہ جس دروازہ سے چاہے جنت میں داخل ہو جائے۔[34]

37.                        شوہر کی مرضی سے جنت میں داخلہ

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جو عورت مر جائے اور اس کا شوہر اس سے راضی ہو وہ جنت میں داخل ہو گی۔[35]

38.                        بغیر وجہ کے طلاق

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

 جو عورت بغیر کسی شرعی وجہ کے شوہر سے طلاق لے جنت کی خوشبو اس پر حرام ہو جاتی ہے۔[36]

39.                        با ایمان عورتیں

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

جب ہم کسی مسلمان کو دنیا اور آخرت کی خوبی دینا چاہتے ہیں تو اسے یہ چار چیزیں دیتے ہیں:

1: متواضع دل، 2؛ ذکر کرنے والی زبان،3؛ بلاوں کے مقابلہ میں صبر کرنے والا بدن، 4؛ با ایمان بیوی کہ جب اسے دیکھے تو خوش ہو، اور شوہر کی  عدم موجودگی میں اسکے مال اور اپنی عفت کی محافظ ہو۔[37]

40.                        شوہر کے ساتھ خلوت میں

پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  فرماتے ہیں:

سب سے اچھی بیوی وہ ہے جو غیروں کے مقابلہ مین پاکدمن ہو اور خلوت میں شوہر کی مطیع اور فرمانبردار ہو۔[38]

 

 


[1] وسائل الشیعہ، ج15،ص112

[2] وسائل الشیعہ،ج7

[3] وسائل ،ج16،ص126

[4]روضۃ المتقین،ج8،ص362، مکارم ص 214

[5] وسائل الشیعہ ،ج14،ص156، عیون اخبار الرضا،ج2،ص11۔

[6] بحار الانوار ،ج 8 ص310

[7] وسائل الشیعہ،ج14،ص115

[8] مکارم الاخلاق، ص214

[9] وسائل الشیعہ،ج7

[10] نکاح مستدرک، باب 60

[11] امالی شیخ صدوق، ص257

[12] نکاح مستدرک، باب 60

[13] شہاب الاخبار

[14] تاج لنگرادی، داستان زنان

[15] وسائل الشیعہ،ج7،ص125

[16] وسائل الشیعہ،ج7،ص112

[17] وسائل الشیعہ، ج7،ج117

[18]   وسائل، ج 7

[19] وسائل، ج20،ص158

[20] نکاح المستدرک

[21] الزوج فی الاسلام، ص240

[22] وسائل الشیعہ،ج14،ص1165۔

[23] الزواج فی الاسلام، ص216۔

[24] نہج الفصاحہ، ج187

[25] نظام خانوادہ در اسلام، ص383

[26] نہج الفصاحہ، ص36

[27] کنزل العمال، ج 16، ص 382

[28] نہج الفصاحہ، ص283۔

[29] نہج الفساحہ، ص232

[30] وسائل الشیعہ، ج15۔

[31] طومار عفت، ج1۔

[32] نہج الفصاحہ، ج2، ص28

[33] وسائل الشیعہ،ج15،ص23۔

[34] ارشاد القلوب دیلمی، ص291۔

[35] نہج الفصاحہ، ج2،ص102

[36] نہج الفصاحہ، ھ 1972

[37] وسائل الشیعہ، ج 14، ص23

[38] بحار،ج103،ص

237
Share:
Tags: